ریاض (این این آئی )سعودی عرب سے طیاروں کے ذریعے بھیجا گیا امدادی سامان لے جانے والا ٹرکوں پرمشتمل قافلہ شام میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔یہ امدادی قافلہ ترکیہ سے باب الہوی کی سرحدی گذرگاہ سے شام کے شمال مغربی علاقے میں گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام میں زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لیے فضائی پل بنانیکی ہدایت کی تھی۔اس کے بعد سے سعودی عرب نے امدادی سامان، ادویہ اور خوراک سے لدے چھے طیارے ترکیہ بھیجے ہیں۔چھٹا طیارہ ترکیہ کے شہرغازی عنتاب پہنچا۔اس میں خوراک،کمبل اورادویہ سمیت 98 ٹن انسانی امداد بھیجی گئی تھی۔