لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے ماضی میں ہونے والی ملاقات سے زندگی کا ایک سبق سیکھنے کا ذکر کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہنواز دھانی نے راہول ڈریوڈ سے ہونے والی ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ملاقات آسٹریلیا کے ایک ریسٹورنٹ میں ہوئی۔
شاہنواز دھانی نے بتایا کہ ورلڈ کپ کے دوران میں آسٹریلیا کے شہر برسبین کے ایک ریسٹورنٹ میں دوستوں کے ساتھ کھانا کھا رہا تھا کہ اسی دوران راہول ڈریوڈ وہاں آگئے۔انہوں نے مزید اس حوالے سے لکھا کہ راہول ڈریوڈ اپنی جگہ پر بیٹھنے سے پہلے خود مجھ سے اور میرے دوستوں سے ملنے آئے۔پاکستانی فاسٹ بولر نے لکھا کہ سابق بھارتی کرکٹر نے ہم سب سے بہت ہی محبت اور عزت سے ملاقات کی اور ہم نے ان کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔شاہنواز دھانی نے مزید لکھا کہ آپ صرف تصور کریں کہ حریف ٹیم کا کوچ اور بڑا کھلاڑی آپ کو اور آپ کے دوستوں کو ہیلو کہنے کے لیے آئے، اس دن میں نے یہ سیکھا کہ عاجزی کامیابی کی چابی ہے۔شاہنواز دھانی نے اپنی پوسٹ میں راہول ڈریوڈ کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی اور انہیں سر کہہ کر مخاطب کیا۔واضح رہے کہ راہول ڈریوڈ ماضی میں بھارتی ٹیم کے مڈل آرڈر میں بہت ہی اہم کردار ادا کیا کرتے تھے۔یاد ہے کہ گزشتہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جو بھارت نے جیتا تھا۔