کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ٗاین این آئی)پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر نے ایک بار پھر اڑان بھرنی شروع کی ہے۔آج صبح سے کاروبار کے آغاز میں ڈالر مہنگا ہو گیا۔انٹر بینک میں ڈالر 32 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 221 روپے 75 پیسے کا ہو گیا ہے۔گزشتہ روز انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام
پر ڈالر 221 روپے 43 پیسے کا تھا۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت مستحکم رکھنے کے لیے حکومت نے ایف آئی اے کو ٹاسک دیتے ہوئے مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈائون کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کے چیف آف اسٹاف کے دستخط سے زونل دفاتر کو ایک مراسلہ جاری ہوا ہے، جس میں مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں اجلاس میں ہوا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ڈالر کی قیمت میں یومیہ بنیادوں پر اتار چڑھائو سے معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔مراسلے کے مطابق کریک ڈائون کی ہفتہ وار رپورٹ ڈائریکٹر ای سی ڈبلیو کو ارسال کی جائے گی، کارروائیوں کی آڑ میں ممکنہ کرپشن کی روک تھام کے لیے زونل ڈائریکٹرز نظر رکھیں گے۔