ملتان (این این آئی)ملتان میں نشتر ہسپتال کی چھت پر لاشوں کی موجودگی کے معاملے کی انکوائری رپورٹ مکمل کر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ارسال کر دی گئی۔نشتر ہسپتال میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
انکوائری رپورٹ میں لاشیں وصول کرنے اور چھت پر رکھنے والے ہسپتال ملازمین کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پولیس ہسپتال سے 28 دن کے بعد لاشیں لے جانے کی ذمے دار ہے، پولیس یونین کونسل کے سیکریٹری کے ساتھ لاش کی تدفین کرے۔انکوائری کمیٹی کو بتایاگیاکہ نشتر ہسپتال کی چھت سے لاشوں کو فوری طور پر ہٹادیا گیا، انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ اور پولیس لاشوں کی تدفین کے لیے رابطے میں رہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل نشتر ہسپتال کی چھت سے لاشیں اور باقیات ملنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔وزیرِ اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے اس معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔