اسلام آباد(این این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی اور گندم اسکینڈل کی آڈیو بھی آنی چاہیے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وہ آڈیوز آنی چاہیے، جب انہوں نے چینی برآمد کی اور اس بنیاد پر درآمد کی کہ چینی کا اسٹاک ہے اور پاکستان کو زرمبادلہ ملے گا،
2018 میں چینی 52 روپے کلو تھی لیکن چینی برآمد ہوتے ہی پر لگ گئے اور چینی 100 روپے سے اوپر چلی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران سبسڈی بھی دی گئی اور پھر ڈالر بھی روپے کیمقابلے میں اوپر جارہا تھا، اس طرح یہ پاکستان کا اربوں روپے کا اسکینڈل ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان رات کو 12 بجے پریس کانفرنس میں کہتے تھے میں چھوڑوں گا نہیں اور کمیشن بنادیا ہے تو وہ کمیشن کہا ہے، اس کی رپورٹ کہا ہے اور کس کو سزا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح گندم برآمد کی گئی اور بعد میں ناقص گندم منگائی گئی اور پاکستان کے اربوں ڈالر برباد کردیے گئے، کسی نے اس کا نوٹس لیا اور پوچھا، نیب اس وقت کہاں تھا لیکن خاتون کو وزیراعظم ہاؤس میں حبس بے جا میں رکھا۔انہوںنے کہاکہ چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا، تمام کیسز بند کردئیے گئے جبکہ اپوزیشن کو جیل بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آڈیو میں قانون اور پالیسی کا مکمل احترام کیا جاتا ہے، مریم نواز کی کوئی سفارش نہیں کی تاہم اس طرح رائی کا پہاڑ بنادینا مناسب نہیں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس کے علاوہ کس طریقے سے پشاور میٹرو کا اسٹے لیا گیا، ہمیں تو کسی نے اسٹے نہیں دیا تھا، عدلیہ کا مذاق اڑایا اور ڈھٹائی سے مزاحمت کی اور بلین ٹری کہاں گیا، پشاور کے میٹرو کہاں گیا، اربوں روپے کھا گئے۔