لاہور( این این آئی) ڈریپ نے پیراسٹامول ساز کمپنیز کو بڑی سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے لوکل کمپنیز سے پیراسٹامول کی ازسرنو تیاری کی اپیل کردی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈریپ نے لوکل پیرا سٹامول ساز کمپنیز کو پیشکش سے آگاہ کر دیا اور لوکل کمپنیز کو پیراسٹامول کی ازسرنو تیاری کی اپیل کی ہے
۔ذرائع کے مطابق لوکل پیراسٹامول سازکمپنیز کوازسر نو پیداوار پر بڑی سہولت ملے گی، کمپنی کو محدود مدت میں 15 ہزار پیراسٹامول پیکٹس تیار کرنا ہوں گے۔کمپنی کو 30 لاکھ پیراسٹامول گولیاں مارکیٹ میں لانا ہوں گی، ٹاسک جیتنے پر کمپنی ایک فارما پراڈکٹ کی فوری رجسٹریشن کرا سکے گی۔ذرائع کے مطابق 70کمپنیز کے پاس پیراسٹامول گولی کی تیاری کا لائسنس ہے اور 70میں سے بیشترفارماکمپنیزپیراسٹامول تیارنہیں کر رہیں۔ڈریپ ذرائع نے بتایا کہ 40 سے زائد کمپنیز کا پیشکش سے فائدہ اٹھانے کاامکان ہے،40 کمپنیز کی پروڈکشن پر12کروڑ پیراسٹامول گولی مارکیٹ میں آئے گی۔پیراسٹامول سازکمپنیز کی جانب سے ایک ہفتے میں جواب ملنے کا امکان ہے۔دوسری جانب لاہور سمیت ملک بھر میں ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، ہارٹ اٹیک، سرطان، شوگر،یرقان سمیت 90 سے زائد ادویات مارکیٹ سے غائب ہیں۔لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں جان بچانے والی 90 سے زائد ادویات کی مارکیٹ میں شدید قلت ہے۔ہارٹ اٹیک، بلڈ پریشر، شوگر کی ادویات کی میڈیکل اسٹورز پر قلت ہے۔میڈیکل اسٹورز پر سرطان، پیلے یرقان، تپ دق کی دوائیاں بھی میسر نہیں ہیںجب کہ انستھیزیا اور مختلف سرجریز میں استعمال ہونے والی ادویات کی بھی قلت ہے۔ بخار اور سردرد کے لیے پیراسٹامول، کھانسی کے شربت بھی دستیاب نہیں ہیں۔
پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے مطابق خام مال مہنگا ہونے کے باعث ادویات بنانا ممکن نہیںاور اگرحکومت ادویات مہنگی کرے تومارکیٹ سے قلت ختم ہوجائے گی۔
چیئرمین پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچرز قاضی منصور دلاورنے بتایا کہ ڈالر کا ریٹ بہت زیادہ ہو گیا ہے ،
ادویات میں استعمال ہونے والا میٹریل بھی مہنگا ہوا ہے ، ہمارے پاس ادویات کی قیمتیں بڑھانے کا اختیار بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے قلت پیدا ہورہی ہے۔