اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے تابوت کی حفاظت پر مامور ’رائل گارڈ‘ سلامی کے دوران بیہوش ہو کر گر پڑا۔96 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہونے والی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے، روزنامہ جنگ میں شائع رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ملکہ برطانیہ کا تابوت بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر ایبے منتقل کیا گیا
اور ملکہ کو سلامی دی گئی۔ملکہ کے تابوت کو ایک اونچے مقام ’پوڈیم‘ پر رکھا گیا ہے، ملکہ کے تابوت کی حفاظت کے لیے 24 گھنٹے چاق و چوبند دستے مامور ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی رائل گارڈز کا دستہ ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آگے بڑھتا ہے تو پوڈیم پر کھڑا ایک گارڈ اچانک سے بیہوش ہو کر نیچے گر گیا۔گارڈ کے بے ہوش ہونے پر قریب کھڑے دوسرے محافظ دوڑتے ہوئے آکر بے ہوش گارڈ کو ہوش میں لانے کی کوشش شروع کر دیتے ہیں تاہم اس کے بیہوش ہونے کی وجہ ابھی منظر عام پر نہیں آئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ویسٹ منسٹر ہال میں ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے برطانوی فوج کی جانب سے پریڈ کی گئی اور ہائیڈ پارک میں توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔دعائیہ تقریب میں بادشاہ چارلس سوئم سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔دوسری جانب ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کے موقع پر شہزادہ ہیری کو فوجی لباس پہننے سے روکا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ملکہ الزبتھ دوم کی میت بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر ہال جلوس کی صورت میں لائی گئی۔شاہی خاندان کی روایت کے مطابق ملکہ کی میت کو برطانوی افواج کے دستے نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے
جلوس کی صورت میں ویسٹ منسٹر ہال پہنچایا۔جلوس میں گن کیرج پر رکھے ہوئے ملکہ کے تابوت کے پیچھے چلنے والوں میں شاہ چارلس، شہزادی این، شہزادہ اینڈریو، شہزادہ ایڈورڈ، شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد بھی جلوس میں شامل تھے۔
اس موقع پر شاہی روایت کے مطابق شاہی اہلِ خانہ فوجی لباس میں ملبوس تھے جبکہ شہزادہ ہیری اور شہزادہ اینڈریو نے سادہ سیاہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل 2020 میں شاہی ذمے داریوں دستبردار ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں کسی بھی شاہی تہوار یا تقریب کے دوران
فوجی لباس زیب تن کرنے کی اجازت نہیں۔شاہی ترجمان کے مطابق شہزادہ ہیری آخری رسومات میں ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تمام رسومات کے دوران سیاہ سوٹ ہی زیب تن کریں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری کو اگلی 5 روزہ تقریبات میں بھی فوجی لباس پہننے کی اجازت نہیں ہے۔