ٹھری میرواہ(این این آئی)کور کمانڈر کراچی کی ہدایت پر پاک فوج گونگی بہری خاتون کی مدد کیلئے ضلع خیر پور کے علاقے ٹھری میر واہ پہنچ گئی،قوت سماعت و گویائی سے محروم سیلاب میں پھنسی بے بس خاتون اور اس کا گاؤں بھرپور امداد پر نہال ہوگیا۔ بے یار و مدد گار خاتون نے رو رو کر سوشل میڈیا پر مدد کیلئے دہائی دی تھی۔
کور کمانڈر کراچی جنرل محمد سعید نے خاتون کی دہائی پر فوری مدد کا حکم دیا جس کے بعد پاک فوج کی ٹیم نے گاؤں پہنچ کر خاتون اور اس کے اہل خانہ کو فلڈ ریلیف کا سامان فراہم کیا۔خاتون کو 5 ٹنیٹ، 5 بیگ آٹا، راشن کے 5 تھیلے، 20 مچھردانیاں، کپڑے اور بستر فراہم کیے گئے۔ امدادی سامان ملنے پر خاتون کا چہرہ خوشی سے کِھل اٹھا، خاتون نے فوجی جوانوں کا شکریہ ادا کیا۔خاتون کے گاں کے 40 دیگر خاندانوں میں بھی خیمے، راشن، کپڑے، مچھر دانیاں و دیگر سامان تقسیم کیا گیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا کے امیر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر سیلاب زدہ پاکستان کی مدد کریں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر مالی وسائل کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ موسمیاتی بحران پر ناکافی عالمی ردعمل کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ خیانت اور ناانصافی کے زمرے میں آتا ہے۔اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی کا اعلی سطحی اجلاس 20 ستمبر سے شروع ہوگا جس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سمیت کئی عالمی رہنما شرکت کریں گے۔اقوام متحدہ کے سربراہ جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ بھی کیا ہے، انھوں نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تباہی کا اتنا بڑا پیمانہ ”ناقابل تصور“ ہے۔ایسا میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔