نئی دہلی (آن لائن) بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر سکندر آباد میں الیکٹرک موٹرسائیکلوں کے شو روم میں آگ بھڑک اٹھی جس سے خاتون سمیت 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ شوروم میں آگ الیکٹرک موٹرسائیکل کی چارجنگ کے دوران لگی اور اسی وجہ سے شارٹ سرکٹ ہوا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شوروم کی آگ عمارت کی چوتھی منزل تک بھی جاپہنچی جس سے ایک ریسٹورنٹ کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس حکام کے مطابق چند لوگوں نے اپنی جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ بھی لگائی جس کے باعث زخمیوں اور ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔