لاہور( این این آئی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بچوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پولیس سے بچے بازیاب نہ ہوئے تو کسی اور فورس کو حکم دیا جائے گا ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے خاتون حنا ء بی بی کی
سابق شوہر سے تین بچوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت کی ۔ فاضل عدالت کے حکم پر سی سی پی او لاہور عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ چیف جسٹس نے پولیس کو 31 اگست تک بچوں کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ سی سی پی او نے موقف اپنایا تین بچوں کی بازیابی کے لیے کوششیں کررہے ہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بچوں کو ہر صورت بازیاب کروایا جائے ،حکم کی خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف کاروائی کریں ،اگر پولیس سے بچے بازیاب نہ ہوئے تو کسی اور فورس کو حکم دیا جائے گا ،ٹال مٹول سے کام نہیں چلے گا ،عدالتی حکم پر خاتون کے سابق شوہر کو عملدرآمد کرنا چاہیے تھا ۔بچوں کے داد نے کہا کہ پولیس گھر میں چھاپے مار کرہراساں کررہی ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس نے قانونی طور پر اپنا کام کرنا ہے بچوں کو برآمد کروائیں۔چیف جسٹس نے سی سی پی او لاہور کو بچے 31 اگست تک پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے خاتون حنا ء بشیر کی درخواست پر سماعت کی ۔ جس نے موقف اپنایا کہ سابق شوہر خواجہ عدنان بچوں کو لے کر فرار ہوچکا ہے ، استدعا ہے عدالت سابق شوہر سے بچوں کو بازیاب کرکے ماں کے حوالے کرنے کا حکم دے ۔