اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے انکشاف کیا ہےکہ نواز شریف نہ شہباز شریف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور نہ ہی مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےکیا۔
]لندن میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ نواز شریف معاشی پالیسوں سے بالکل مطمئن نہیں اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کارکردگی انہیں بالکل نہیں بھا رہی، انہوں نے بار بار کہا کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت نہ لیں اور الیکشن کی طرف جائیں، ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف نے ذہن بنالیا ہےکہ اگر کوئی معاشی پالیسی وہ چاہتے ہیں تو وہ اسحاق ڈار ہی کے ذریعے ہوگی، وہ مفتاح اسماعیل پر اعتماد نہیں کررہے اور سمجھتے ہیں کہ وزیرخزانہ کو معاشی پالیسیوں کا اتنا علم نہیں۔ سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ نواز شریف تحریک انصاف سے مذاکرات پر آماد ہ نہیں، وہ سمجھتے ہیں عمران خان نے جو کیا ہے اس کی سزا انہیں ملنی چاہیے، اس کے بعد ہی مذاکرات یا سیاسی حساب کتاب ہوسکتا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کے خلاف جو ہو رہا ہے وہ ان کا اپنا ہی بویا ہوا ہے، شہباز گل پر ان کا کہنا تھا کہ دیکھیں یہ خود کیا کرتے تھے اب ان کا کیا حال ہوگیا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ شہباز حکومت اچھا پرفارم نہیں کر رہی پر وہ عمران خان کو بھی کوئی ریلیف دینے کو تیار نہیں، وہ عمران خان کو اپنا سب سے بڑا حریف اور فاشسٹ سمجھتے ہیں، چاہتے ہیں پہلے اس فاشسٹ سے نمٹ لیں باقی معاملات پھر دیکھ لیں گے۔