اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)پنجاب کابینہ کی تشکیل کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہی اورمونس الہی عمران خان کومنانے میں ناکام ہوگئے۔نجی ٹی وی سماء کے مطابق ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب بڑی کابینہ کی خواہش تھے
تاہم چیئرمین پی ٹی آئی تاحال صرف اٹھارہ رکنی کابینہ کی منظوری پرراضی ہوئے۔مجوزہ اٹھارہ رکنی کابینہ میں بھی صرف تحریک انصاف کے ارکان شامل ہونگے۔ ق لیگ کو پہلے سے دی ہوئی دو وزارتیں بھی واپس لے لیں۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں محمود الرشید کو بلدیات ، یاسمین راشد کو صحت کی وزارت ملنے کا امکان ہے جبکہ میاں اسلم اقبال کو ہاؤسنگ اور ڈاکٹر مراد راس کو محکمہ تعلیم ملنے کا امکان ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں حکومت سازی کے پہلے مرحلے میں 18رکنی کابینہ کی منظوری دیدی تاہم حیران کن طور پر مسلم لیگ (ق) کو ایک بھی وزارت نہیں دی گئی ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے عمران خان کی جانب سے کابینہ کی فہرست پنجاب قیادت کو موصول ہو گئی جس میں پہلے مرحلے میں 18وزراء حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کے لئے مرتب کی گئی کابینہ فہرست میں اتحادی مسلم لیگ (ق) کا ایک بھی وزیر شامل نہیں رکھا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اطلاعات سامنے آنے پر مسلم لیگ (ق)کے 10 ارکان اسمبلی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوںنے اس حوالے سے قیادت کو بھی آگاہ کیا ہے ۔