راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کا حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی، حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے تصدیق کی کہ پاک فوج کا حادثے کا گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا
، سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ میں وندر کے علاقے موسی گوٹھ سے ملا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے، ان کے اعلان کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔پاک فوج کے ایوی ایشن ونگ کے ہیلی کاپٹر کا لسبیلہ میں دوران پرواز ائیر ٹریفک کنٹرول کے ساتھ رابطہ اس وقت منقطع ہوا، جب کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز سمیت سوار 6 افراد بلوچستان میں جاری فلڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے تھے، شہداء میں شامل حال ہی میں ترقی پانے والے ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف کا تعلق راولا کوٹ آزاد کشمیر سے تھا، انہوں نے پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے چھوڑے ہیں، کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈئیر محمد خالد کا تعلق فیصل آباد سے تھا، انہوں نے پسماندگان میں تین بیٹیاں اور تین بیٹے چھوڑے ہیں، پائلٹ میجر سعید احمد کا تعلق لاڑکانہ سے تھا، انہوں نے پسماندگان میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا چھوڑے ہیں، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان نے پسماندگان میں دو بیٹے چھوڑے ہیں جبکہ کرئیو چیف نائیک مدثر فیاض کا تعلق نارووال سے تھا۔