اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا،پارٹی کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت ہوگیا ۔جس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے ۔ الیکشن کے فیصلے پر سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ
الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں اب اہم کاروائی وفاقی حکومت کرے گی فیصلے میں کہا گیا کہ آئین آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی کی گئی۔آئین آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی کا جملہ خطرناک لکھا گیا ہے۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ ممنوعہ یا فارن فنڈنگ ثابت ہوئی تو الیکشن کمیشن ریفرنس بھیجے گا کہ فنڈ ضبط کر لیا جائے۔یہ بات کنور دلشاد نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں خصوصی گفتگو کے دوران کہی۔ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ریفرنس کے بعد حکومت آرٹیکل 17 کے تحت وزارتِ داخلہ کے ذریعے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرے گی۔کنور دلشاد نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فل کورٹ ریفرنس پر سماعت کرے گا، تحریکِ انصاف خود بھی حکومت سے پہلے سپریم کورٹ میں فیصلہ چیلنج کر سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ پینڈورہ بکس کھلے گا، اکبر ایس بابر کے پاس ایسے ریکارڈ ہیں۔سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کالعدم ہوتی ہے تو تمام ممبرِ اسمبلی کالعدم، دفاتر اور اکاؤنٹس ضبط ہو جائیں گے۔