اسلام آباد(این این آئی) بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس(بی ایس ایف) نے ایک پاکستانی شہری کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ غلطی سے سرحد عبور کر کے بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع سری گنگاگر میں داخل ہو گیا تھا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاکستانی شہری کی
گرفتاری کے فوراً بعد بھارتی پروپیگنڈہ مشینری بشمول پولیس، خفیہ ایجنسیاں اور میڈیا حرکت میں آگئے اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کردیا۔ انہوں نے دعویٰ کرنا شروع کر دیا کہ وہ ایک دہشت گرد تھا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما نپور شرما کو قتل کرنے کے لیے بھارت میں داخل ہوا تھا۔ نپور شرما نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں توہین آمیز بیان دیا تھا ۔بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس نے کہا کہ پاکستانی شہری کی شناخت رضوان اشرف کے نام سے ہوئی ہے جسے ضلع سری گنگاگر کے ہندومل بارڈر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ بی ایس ایف نے بتایا کہ ملزم 16 جولائی کو سرحد پار کر گیا تھا اور اسے باڑ کے قریب گھومتے ہوئے دیکھا گیا تو اسے پکڑا گیا۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ 11 انچ لمبا چاقو، مذہبی کتابیں، کپڑے، خوراک اور ریت ایک تھیلے میں لے جا رہا تھا۔