پورا ایک مہینہ مفت سفر کریں، شہباز شریف نے اسلام آباد میں میٹر و بس سروس کے 2نئے روٹس کا افتتاح کردیا

7  جولائی  2022

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوم گزشتہ چار سالوں میں عوام کے فلاحی منصوبوں میں تاخیر کا جواب مانگتی ہے ، ماضی کی کوتاہیوں کے ازالے کا وقت آگیا ہے ،تمام ادارے دن رات کام کریں ،ماضی میں ناقص منصوبہ بندی اور ٹنڈرنگ سے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ،اب کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

شمسی توانائی کے ذریعے عوام کو مہنگی بجلی سے بچائیں گے ، پنجاب حکومت کا 100یونٹ تک استعمال کرنے والے گھرانوں کومفت بجلی فراہم کرنے کا اقدام انقلابی ہے ، روات سے کورال ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے فنڈز مہیا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کے جدید نظام کے تحت میٹروبس سروس کی گرین لائن اور بلیو لائن بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے علاوہ چیئرمین سی ڈی اے اورمتعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج جڑواں شہروں کے بھائیوں ، بہنوں ،بزرگوں ، بچوں ، طلباء ، اساتذہ ، محنت کشوں ، ڈاکٹرز سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے عوام کو ایک بہترین اور عوامی سفری سہولت میسر آئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں تیل اور گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔

اللہ کا شکر ہے کہ حالیہ دنوں میں قیمتوں میں کچھ کمی آئی ہے ،تیل و گیس کی قیمتوں سے دنیا کے کروڑوں اربوں لوگ متاثر ہوئے ہیں اوراس مہنگائی کے دور میں جس کا سلسلہ چار سال سے جاری ہے عام آدمی کے لئے گزراوقات بہت مشکل ہو چکی ہے اوروہ بمشکل اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے ، ایسے میں یہ عوامی سفری سہولت ایک بہترین قدم ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ اس سفری سہولت سے قرب و جوار کے عوام کو بھی بہت فائدہ ہو گا اور وہ عزت کے ساتھ بروقت اپنی منزل پر پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے جدید بس سروس کے منصوبے پر دن رات کام کرنے پر وزیر داخلہ اورمتعلقہ اداروں کے حکام کو شاباش دی اور کہا کہ انہوں نے برق رفتاری سے اس منصوبے پر کام کیا ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ چار سال میں عوامی فلاحی منصوبوں میں جو تاخیر ہوئی قوم اس کا جواب مانگتی ہے ، اب ماضی میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ کرنے کا وقت آگیا ہے تمام محکمے بھرپور محنت کریں اوردکھی انسانیت کی خدمت کے لئے دن رات ایک کردیں ۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایک ماہ کے لئے گرین اور بلیو لائن بس سروس کے ذریعے مفت سفری سہولت فراہم کی جائے تاکہ مہنگائی میں پسے ہوئے عوام کو کچھ ریلیف ملے ۔ انہوں نے ای کارڈ کا اجراء فوری طور پر شروع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مختلف روٹس کے لئے مسافروں کو الگ الگ کارڈز نہ لینے پڑیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس بس سروس میں جب امیر اور غریب اکھٹے سفر کریں گے تو اس سے طبقاتی تفریق بھی ختم ہو گی ۔وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت ہم بہت مہنگی بجلی بنانے پر مجبور ہیں ،تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی ہے ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ اس میں مزیدکمی آئے تاکہ عوام کو بجلی اور گیس سستی مہیا کی جاسکے ۔وزیراعظم نے کہاکہ عوام مہنگائی سے تباہ حال ہیں ۔

اللہ ہماری مدد کرے گا اور ان کے لئے حالات میں بہتری آئے گی ۔ آج اس حوالے سے جامع منصوبہ تشکیل دیا جارہاہے ، زرعی مقاصد اور سرکاری دفاتر بشمول سکول ، ہسپتال کی عمارات کے لئے شمسی توانائی کا جال بچھا دیں گے تاکہ مہنگی بجلی سے گلوخلاصی ہو ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں مجبوراً سالانہ 20ارب ڈالر کا تیل و گیس درآمد کرنا پڑتا ہے ۔

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ 75سال میں اگرچہ بعض حکومتوں نے اچھا کام کیا لیکن بحثیت مجموعی ہم قرب و جوار کے ممالک کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے اور دائرے میں گھوم رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پنجاب حکومت کا 100یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھرانوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کا اقدام انقلابی ہے۔

ا س کے لئے صوبائی حکومت نے 100ارب کا بجٹ رکھا ہے جس سے 5کروڑ 40لاکھ لوگوں کو فائدہ ہو گا ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ باقی صوبے بھی عوامی فلاح و بہبود کے لئے اچھے فیصلے کریں گے ۔وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کے لئے وزیرداخلہ کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پنجاب میں امن و امان کے لئے کام کرنے کا دس سال کا تجربہ ہے ۔

وہ اسلام آباد میں بھی بہترین کام کر رہے ہیں اور اسلام آباد پولیس کے لئے جن اقدامات اور پیکیجز کا انہوں نے اعلان کیا ہے ان کی بھرپور تائید کرتا ہوں ، وزیراعظم نے روات سے کورال تک ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے فنڈز مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ یہ منصوبے قوم کی امانت ہیں ،بدقسمتی سے عوامی فلاح کے منصوبے ایسے ٹھکیداروں کے حوالے کئے گئے جن کا کوئی تجربہ نہیں تھا ۔

ناقص منصوبہ بندی اور ٹینڈرنگ سے قومی خزانے کو نقصان پہنچاکر ایک قومی جرم کا ارتکاب کیا گیا، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ کسی نے عوامی خدمت کے منصوبے کی تعمیر کے لئے غیر معیاری ٹینڈرنگ کی تو ذمہ داروں کی خیر نہیں، غریب عوام کی ایک ایک پائی بچانی ہے ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوازشریف اور اتحادی جماعتوں کے قائدین کی قیادت اور رہنمائی میں اتحادی حکومت پاکستان کو مشکلات سے نکالے گی اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن کرے گی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے بلیو اور گرین لائن بس کا افتتاح کیا اور گرین لائن میں سفر بھی کیا ۔

وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ، چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی نے بتایا کہ بہارہ کہو سے پمز تک کا سفر 45منٹ میں طے ہو گا ، بہارہ کہو روٹ پر ہر دس منٹ بعد جبکہ کورال سے ہر چھ منٹ بعد بس روانہ ہو گی ۔ قبل ازیں وزیراعظم نے میٹروبس آپریشن کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی عمارت کا سنگ بنیادبھی رکھا ۔

موضوعات:



کالم



گوہر اعجاز سے سیکھیں


پنجاب حکومت نے وائسرائے کے حکم پر دوسری جنگ عظیم…

میزبان اور مہمان

یہ برسوں پرانی بات ہے‘ میں اسلام آباد میں کسی…

رِٹ آف دی سٹیٹ

ٹیڈکازینسکی (Ted Kaczynski) 1942ء میں شکاگو میں پیدا ہوا‘…

عمران خان پر مولانا کی مہربانی

ڈاکٹر اقبال فنا کوہاٹ میں جے یو آئی کے مقامی لیڈر…

بھکارستان

پیٹرک لوٹ آسٹریلین صحافی اور سیاح ہے‘ یہ چند…

سرمایہ منتوں سے نہیں آتا

آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…

سعدی کے شیراز میں

حافظ شیرازی اس زمانے کے چاہت فتح علی خان تھے‘…