لاہور( این این آئی)تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل مہمند سے ملاقات کر کے لاہور کے چار حلقوں میں ہونے والے ضمنی حلقوں کی ووٹرز لسٹوں میں بے ضابطگیوں سے متعلق ثبوت پیش کیے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ دو سال میں ووٹرز کی اوسطاًتعداد سے زیادہ اضافہ کیسے ممکن ہے ،ووٹرز کے بڑھنے کی اوسطاًتعداد 25 فیصد تک ہوسکتی ہے جبکہ پی پی 167 کی صرف ایک یونین کونسل میں 63 فیصد اضافہ کیا گیاہے ،اس طرح ایک یونین کونسل میں 10ہزار ووٹرز کی تعداد بڑھائی گئی ہے ،بعض علاقوںمیں 38 فیصد ووٹرز کی تعداد بڑھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے متعلق پرانے شک کو تقویت ملی ہے ۔ ۔شبیر گجر پر حملہ سے متعلق ڈی آئی جی آپریشنز نے جواب دیا کہ 21 کو گرفتار کیاگیا ہے ان میں دس لیگی ہیں جبکہ 21 لوگ ہمارے ہیں ،رات تین بجے ہمارے یوسی کوارڈی نیٹر کو اٹھایا گیا جس کی رپورٹ تک درج نہیں ہوئی ۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے صاف اور شفاف الیکشن کا مطالبہ کیاہے ،شبیر گجر کے بھتیجے کے کیس میں پولیس نے تین لائنوں میں جواب جمع کرایا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ،پیر والے دن ہمیں دوبارہ بلایا ہے ہمارے تحفظات پر جواب دیا جائے گا۔