کوہاٹ(این این آئی)پاکستان ریلوے نے ایک ہفتہ کے اندر دو سری مرتبہ ٹرین کے کرایوں میں مجموعی طور پر20 فیصد تک اضافہ کردیا۔
نئے کرایوں کا اطلاق کوہاٹ سے راولپنڈی جانے والی کوہاٹ ایکسپریس پربھی ہوگا جس کا نیا یکطرفہ کرایہ310 روپے مقررکردیا گیا ۔
کوہاٹ میںپاکستان ریلوے کے مقامی ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے ایک ہفتہ کے اندرملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی وجہ سے دوسری مرتبہ اضافہ کردیا
جس کے ساتھ ہی کوہاٹ سے راولپنڈی جانے والی کوہاٹ ایکسپریس کا یکطرفہ کرایہ290 روپے سے بڑھ کر310 روپے ہوگیا۔
واضح رہے کہ اکتوبر2021 میں کوہاٹ سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کا کرایہ 230 روپے تھا جو یکم نومبر2021میں بڑھ کر 250 روپے ہوگیا تھا
جبکہ دسمبر 2021 میں یہ کرایہ دس روپے اضافہ کے بعد 260 روپے ہوگیا تھا جسے گزشتہ ہفتہ بڑھا کرپہلے 290 روپے اور نئے اعلامیہ کے مطابق 310 روپے کردیاگیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران اکتوبر2021 سے جون2022 تک اب تک ریلوے کے کرایوں میں تقریباً35 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔