قاہرہ (این این آئی)روس گیس سے چھٹکارا پانے کے لیے یورپی کمیشن نے منصوبہ بندی کرلی،میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی کمیشن کے صدر نے اپنے دورہ قاہرہ کے دوران اسرائیل اور مصر کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے
جس کے تحت وہ یورپ کو گیس کی برآمدات بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یورپی کمیشن کے صدر ارسولا وون در لیئن نے مصر میں غذائی تحفظ کے لیے دس کروڑ یورو کی امداد کا وعدہ بھی کیا جو یوکرین جنگ کی وجہ سے اناج کی قلت سے دوچار ہے۔ارسولا وون نے مصری صدر آمر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یوکرین کے خلاف روس کی جنگ نے روسی فوسل فیولز پر یورپ کے انحصار کو بے نقاب کر دیا ہے اور ہم اس انحصار سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم قابل بھروسہ سپلائرز چاہتے ہیں، اور مصر اس حوالے سے ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے۔اس تناظر میں مصری وزارتِ پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ مصر، اسرائیل اور یورپی یونین کے درمیان گیس کی برآمدات سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر مشرقی بحیرہ روم کے گیس فورم میں دستخط کیے گئے۔