اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے مہنگی توانائی کے باعث غیرمعمولی اقدامات کرنے کافیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم کے قائم کردہ ورکنگ گروپ نے 1ارب ڈالر سالانہ بچت کیلئے سفارشات کابینہ کو پیش کردیں۔ وزیراعظم کے قائم کردہ
ورکنگ گروپ نے بڑے شہروں کو اتوارکے دن ”وہیکل فری ” بنانے سمیت 7اہم تجاویز پیش کی ہیں ۔ موٹرویز پر صرف ڈرائیور والی کار سے ڈب ٹول ٹیکس وصول کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ موٹر ویز اور ہائی ویز پر گاڑیوں کی رفتار کی حد کم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے ۔ شاہراوں پر گاڑیوں کے متبادل دنوں میں داخلے کی اجازت دینے کی سفارش بھی تجاویز میں شامل ہے ۔ ورکنگ گروپ نے صوبوں کو موٹر وہیکلز کی سالانہ انسپکشن کرنے کا پابند کرنے کی سفارش بھی کی ہے ۔ صوبائی زرعی اداروں کو ٹریکٹروں کی ٹیوننگ اور انجن معیار کو چیک کرنے کا پابند کرنے جبکہ دن کے اوقات میں سرکاری اورنجی امور نمٹانے کیلئے سخت پابندی نافذ کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ مہنگی توانائی اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ روکنے کیلئے تجاویز پر عملدرآمد ناگزیر قرار دیا گیا ہے ۔