اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی شعبہ خواتین کی صدر اور رکن قومی اسمبلی مسز فرح خان نے حکومت کی حمایت کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ میرے قائد چوہدری شجاعت حسین جو حکم دینگے اس پر عمل کرونگا۔مسلم لیگ (ق) کی رکن اسمبلی مسز فرح خان
نے وزیر اعظم شہباز شریف کی گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حکومت کی حمایت کا اعلان کیا اور کہاکہ ان کے قائد چوہدری شجاعت حسین ہیں اور وہ جو بھی حکم دینگے اس پر عمل کرونگی۔مسز فرح خان کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ق)کے قومی اسمبلی کے پانچ اراکین میں سے تین اراکین اتحادی حکومت کی حمایت کر چکے ہیں جبکہ دو ارکان مونس الٰہی اور حسین الٰہی چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں جبکہ چوہدری سالک حسین، طارق بشیر چیمہ اور مسز فرح خان چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر عمل کررہے ہیں۔ فرح خان کی حمایت کے اعلان کے بعد مسلم لیگ (ن)اور اتحادی حکومت کا ایک اور ووٹ بڑھ گیا جس بعد حکومت مزید مضبوط ہوگئی ہے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی بار بار یہ دعویٰ کرتے رہے کہ چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ جلد حکومت چھوڑ دینگے تاہم اب چوہدری برادران کے درمیان اختلافا ت واضح ہوگئے ہیں جس کے بعد یہ امکانات ختم ہوگئے ہیں کہ طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سالک حسین حکومت سے علیحدگی کا کوئی فیصلہ کرینگے وہ بار بار اعلان کر چکے ہیں کہ حکومت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔