اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)انگلش آل رآنڈر معین علی نے پاکستان کے دورے پر ٹیسٹ میچز میں واپسی کی خواہش ظاہر کردی، انھوں نے کہا کہ اگر انگلینڈ نے مجھ سے اس دورے میں شرکت کا پوچھا تو میں ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس بھی لے سکتا ہوں۔
خیال ہے رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا کے مطابق 34 سالہ معین علی نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے حوالے سے ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ اور کپتان جوئے روٹ کو آگاہ کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق معین علی اب صرف وائٹ بال کرکٹ اور فرنچائز کرکٹ جاری رکھیں گے۔معین علی نے 64 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے 2914 رنز بنائے ہیں، جن میں 5 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ انہوں نے 195 وکٹیں بھی حاصل کیں۔دوسری جانب دبئی میں ٹی ٹین لیگ کے جاری ایڈیشن میں آل رائونڈر معین علی نے نادرن وارئیرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی، معین علی نے صرف 16 گیندوں پر اپنی نصف سنچری سکور کی جبکہ انہوں نے صرف 23 گیندوں پر 77 رنز بنائے، معین علی نے کینر لیوس کے ساتھ ملکر 146 رنز کی ناقابل شکست اوپننگ شراکت بھی قائم کی، کینر نے صرف 32 گیندوں پر 65 رنز سکور کئے، دونوں کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت نادرن وارئیرز نے ٹیم ابوظہبی کو دس وکٹوں سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ٹیم ابوظہبی نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر دس اوورز میں 145 رنز بنائے تھے جس میں کولن انگرام کے 61 اور لیام لیوونگسٹون کے 27 رنز نمایاں تھے، جواب میں نادرن وارئیرز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرکے میچ دس وکٹوں سے جیت لیا، معین علی 77 اور کینر لیوس 65 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔