کراچی(این این آئی)عامرلیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشری اقبال نے سوشل میڈیا اکائونٹس پراپنے مرحوم شوہرکے لیے مسجد نبوی میں کی جانے والی دعا کی ویڈیو شئیرکی ہے
۔اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عامر لیاقت کے دیرینہ دوست مسجد نبویﷺ میں موجود ہیں اور مرحوم عامر لیاقت کی مغفرت کے لیے دعا کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں اس شخص نے عامر لیاقت کے اچانک انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عامر بھائی کے لیے بہت دعا کی ہے، جمعہ کا دن ہے،
ان کی تدفین بہت ہی مبارک دن ہوئی ہے اور ان کی خواہش تھی کہ ان کی تدفین جنت البقیع میں ہو۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جب سے ان کی موت کا سنا ہے، دل بے حد اداس ہے،
عامر لیاقت کو مدینہ منورہ سے بہت لگا تھا۔بشری اقبال نے کیپشن میں بتایا کہ یہ ویڈیو ان کے بھائی اورعامر لیاقت کے قریبی دوست کی جانب سے انہیں اس وقت بھیجی گئی
جب کراچی میں عامرلیاقت کی تدفین کی جارہی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ، اللہ اس دعا کوعامر کے حق میں قبول فرمائے۔