اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعتراف کر ہی لیا کہ عمران صاحب نے 4 سال میں 20 ہزار ارب روپے کا قرض لیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ قرض تاریخ پاکستان میں لیے گئےمجموعی قرض کا 76 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بہت سے اعتراف ابھی عمران صاحب نے کرنے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیااور ڈالر 115 سے 189 پر لے گئے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی کے ظلم ڈھائے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ قیراط، خیرات اور کرپشن کے ثمراث کا اعتراف بھی جلد ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزسابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے شروعات ہی جھوٹ ،بدنیتی سے کی ہے معاشی ترقی کی شرح 5فیصد نہیں رہے گی ان کے اعدادوشمار میں تضاد ہے،جیسے جیسے بجلی گیس کی قیمتیں بڑھیں گی مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ گزشتہ روز سابق وزیر خزانہ شوکت ترین اور عمر ایوب وفاقی بجٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرنے آئے تو انہوں نے اپنی ہی جماعت کے قرض لینے کے حوالے سے بڑا بیان دیتے ہوئے کہاکہ کل مفتاح اسماعیل نے کہاکہ جب سے پاکستان بنا اس کا 80 فیصد قرضہ ہماری حکومت نے لیا تاہم یہ 80٪ نہیں لیکن ہاں یہ 76 فیصد ضرور بڑھا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے حکومت کی جانب سے پیش کئے جانیوالے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے شروعات ہی جھوٹ اور بدنیتی سے کی ہے معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد نہیں رہے گی ان کے اعدادوشمار میں تضاد ہے
انہوں نے کہا کہ مہنگائی 25سے 30فیصد جانے کا امکان ہے جیسے جیسے بجلی گیس کی قیمتیں بڑھیں گی مہنگائی میں اضافہ ہوگا
۔شوکت ترین نے کہا کہ اقتصادی سروے میں معاشی گروتھ 6فیصد بتائی گئی ہے، 90کی دہائی سے اب تک صرف ہمارے دور میں معاشی ترقی 6فیصد ہوئی،
زراعت میں ہماری 4.4فیصد کی ترقی 30سال میں سب سے زیادہ ہے ۔سابق وزیر خزانہ نے بتایا کہ مینوفیکچرنگ میں ہماری ترقی 10.4فیصد ہے 30سال میں ہم سب سے آگے ہیں،
بجلی کی قیمتوں، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا ذکربجٹ میں نہیں۔شوکت ترین نے کہا کہ معلوم نہیں آئی ایم ایف نے اس بجٹ کی کیسے منظوری دی ہے
انہوں نے بہت سی ایسی چیزیں کیں جس سے ہمیں روکا گیا تھا، 25سے 20فیصد مہنگائی پر جاکر شرح سود بڑھائی جائے گی اور شرح سود بھی 28،30فیصد پر جائے گی کاروبارکیسے چلے گا۔