احمد عامر کی نماز جنازہ پڑھانے کی ویڈیو وائرل
کراچی (این این آئی)معروف ٹی وی میزبان و رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے بیٹے احمد عامر کی والد کی نمازِ جنازہ پڑھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔
تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت حسین کی نمازِ جنازہ 10 جون کی شام عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ادا کی گئی، بعدازاں ان کی تدفین بھی وہیں کی گئی تاہم عامر لیاقت کے بیٹے احمد نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی جس کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں کئی جذباتی مناظر دیکھے گئے جس میں دعا کے وقت احمد کو آبدیدہ ہوتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔احمد عامر کی نماز جنازہ پڑھائے جانے کی ویڈیو پر صارفین نے بڑی تعداد میں تبصرے کیے اور عامر لیاقت کی مغفرت کی دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 9 جون کو اچانک انتقال کر گئے تھے جس کے بعد لندن میں مقیم ان کے صاحبزادے احمد عامر فوری طور پر پاکستان پہنچے تھے۔