لاہور( این این آئی)سابق صدر آصف علی زرداری سے لاہور میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے وفد کے ہمراہ بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور صوبے کے انتظامی امور باہمی تعاون سے چلانے پر غور کیا گیا ،
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ورکنگ ریلیشین کو مضبوط بنایا جائے گا اور صوبے میں ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیںگے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی وفد کے ہمراہ بلاول ہائوس آمد پر پیپلزپارٹی کے رہنمائوںنے پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، شرجیل میمن، صوبائی وزرا ء علی حیدر گیلانی، حسن مرتضی، عطا تارڑ ، عمران گورائیہ، ڈاکٹر عاصم حسین، ملک احمد علی اور خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔دونوں جماعتوںمیں وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات کے بعد سابق صدر کی جانب سے ظہرانہ بھی دیا گیا۔ ملاقات میں سابق صدر نے حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں صوبے کے امورچلانے میں ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی ۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات کے دوران ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا اور تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کااعادہ کیا گیا ۔ ملاقات میں تحریک انصاف کے ڈی سیٹ ہونے والے اراکین کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا اورضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے پر اتفاق کیا گیا۔
آصف علی زرداری نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اتحاد کو مضبوط بنانا ہے اور اس کے ذریعے ہی عوام کو درپیش گھمبیر چیلنجز کا حل ممکن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے مشاورت سے کئے جانے چاہئیں ، صوبے اور عوام کی بہتری کیلئے اتفاق رائے قائم کریں گے۔