راولپنڈی (این این آئی)سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے
شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیاجس کے دوران ہونے والے فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں، مارے جانے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں نوشکی کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دور ان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں نوشکی کے قریب پہاڑی علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، دہشت گردوں کی جانب سے فرار کی کوشش کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں بی آر اے سے وابستہ دو دہشت گرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے، یہ دہشت گرد خاران میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت آئی ای ڈی دھماکے میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں، سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کی حمائیت سے بلوچستان میں امن و استحکام تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادیں گے۔