لاس اینجلس (این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک )جانی ڈیپ اور جیف بیک نے برمنگھم کے ایک ریستوران میں کھانا کھانے کے بعد ہزاروں پاؤنڈ ٹپ دے کر ویٹرز کو حیران کردیا۔برطانوی اخبارکے مطابق دونوں سلیبرٹیز نے 50 ہزار پاؤنڈ ( ایک کروڑ 25 لاکھ 88 ہزار) ٹپ دی۔ڈیپ اور جیف ریستوران میں بھارتی پکوان سے لطف اندوز ہوئے، کاک ٹیل اور شیمپین نوش کی۔
بھارتی ریستوران کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے لئے باعث مسرت ہے کہ ہم نے جانی ڈیپ اور جیف بیک کی میزبانی کی۔انہوں نے کہا کہ یہ میرے اور میری ٹیم کے لیے بہترین تجربہ تھا جس کا شاید دوبارہ موقع نہ ملے۔ترجمان نے کہا کہ جانی ڈیپ کو کھانا اتنا پسند آیا کہ انہوں نے کچھ کھانا پارسل کروایا اور اپنے ساتھ ہوٹل لے گئے۔واضح رہے کہ ہالی وڈ کا ایک ہائی پروفائل کیس عالمی سطح پر سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جسے آسان لفظوں میں بیان کیا جائے تو ایک شخص نے اپنی سابقہ بیوی کے خلاف ہتک عزت کا کیس جیت لیا ہے۔بی بی سی اردو کے مطابق اس خاتون کا دعویٰ تھا کہ وہ گھریلو تشدد کا نشانہ بنی تھیں۔مگر یہ سابقہ میاں بیوی کوئی عام لوگ نہیں بلکہ ہالی وڈ کی جانی مانی شخصیات ہیں: 58 سالہ جونی ڈیپ اور 35 سالہ ایمبر ہرڈ۔ اس کیس میں امریکی جیوری نے فیصلہ کیا ہے کہ ایمبر ہرڈ نے اپنے سابقہ شوہر اور اداکار جونی ڈیپ کو ایک مضمون میں بدنام کیا تھا جس میں انھوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ گھریلو تشدد کا شکار رہی ہیں۔اب ہرجانے کی مد میں ایمبر ہرڈ کو ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر (12 ملین پاؤنڈ) ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔مگر آئیے ہم آپ کو کچھ بنیادی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ اگر آپ نے ہالی وڈ کی معروف فلمیں جیسے پائریٹس آف کیریبین یا ایکوا مین دیکھی ہیں تو شاید آپ ان دونوں اداکاروں کو پہچان سکتے ہیں۔ جونی ڈیپ تو بچوں میں بھی اپنی شہرت رکھتے ہیں
کیونکہ انھوں نے چارلی اینڈ دی چاکلیٹ فیکٹری اور کورپس برائڈ جیسی فلمیں کی ہیں۔بی بی سی کی تحقیق کے مطابق جونی ڈیپ کی آخری ‘سب سے زیادہ کمانے والی فلم’ 2006 میں آنے والی ‘پائریٹس آف دی کیریبین: ڈیڈ مینز چسٹ’ تھی
اور ایمبر ہرڈ کے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم ’ایکوا مین‘ تھی۔دونوں نے 2012 کے شروع میں ڈیٹنگ شروع کی جب وہ فلم دی رم ڈائری کی شوٹنگ پر ملے۔
یہ فلم تو اتنی نہ چلی مگر 2015 میں دونوں کی شادی ہوگئی۔تاہم شادی کے 15 ماہ بعد دونوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ ایمبر ہرڈ لاس اینجلس کی ایک عدالت میں گال پر چوٹ کے ساتھ پیش ہوئیں
اور انھوں نے طلاق کی درخواست کے ساتھ عدالت سے استدعا کی کہ جونی ڈیپ کو ان سے دور رہنے کا حکم دیا جائے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے سابقہ شوہر نے ان پر پُرتشدد حملہ کیا اور ایک موبائل فون بہت زور سے ان کی جانب پھینکا۔
انھوں نے عدالت میں یہ بھی الزام لگایا کہ جونی ڈیپ نے ان پر لفظی، جذباتی اور جسمانی تشدد کیا۔جونی ڈیپ نے ان الزامات کی تردید کی مگر عدالت نے انھیں ایمبر ہرڈ سے دور رہنے کا حکم دیا۔
اس کیس کی سماعت شروع ہونے ہی والی تھی کہ کچھ گھنٹے قبل جونی ڈیپ اور ایمبرڈ ہرڈ نے مشترکہ بیان جاری کیا کہ دونوں کے درمیان جھگڑے کو باہمی طور پر حل کر لیا گیا ہے۔
جونی ڈیپ نے ایمبر ہرڈ کو طلاق کے بعد تصفیے کے طور پر 80 لاکھ ڈالر دیے۔ ایمبر نے کہا کہ وہ اس رقم کو عطیہ کر دیں گی۔