اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پورے ملک میں افراتفری،قوم میں نفرت،نوجوان نسل کو گمراہ کرنے اور انارکی پھیلانے کی کوشش کی ہے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ا سلام آباد پر ایک بڑا لشکر لے کر چڑھائی کی۔
پورے ملک میں افراتفری اور لاقانونیت کی مہم چلائی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کے پی کے میں پناہ لی اور خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کو آئین ،حلف اور قانون سے منحرف کیا۔انہوں نے کہا کہ جسطرح اسلام آباد کو بند کرنے کی منصوبہ بندی گی گئی ،ملک میں انارکی پھیلائی گئی اور حکو مت کو گرائے جانے کی سازش کی گئی ہمارے پاس تمام ثبوت موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مختلف مقدمات درج ہیں اور ایک مقدمہ جس کیلئے ہم نے کابینہ سے اجازت مانگی ہے اس کے حقائق اور ثبوت پر کوئی شک نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدالت سے ضمانت حاصل کی ہوئی ہے ،عدالت نے اگر ان کی ضمانت خارج کردی تو ان کو ضرور گرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جرم کے مرتکب ہوئے ہیں،ان پر کیس چلے گا ،ہمارے پاس ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں، وہ ایک ملزم ہیں اور ایک ملزم کو گرفتار کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سیاسی قد کاٹھ جتنا بڑھنا تھا وہ بڑھ گیا،جو گرفتاری پر دھمکیاں دے رہے ہیں وہ ان کے پیچھے بھی نہیں آئیں گے۔