مکوآنہ (این این آئی ) پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مسافرگاڑیوں کے کرایوں میں بے تحاشا اضافہ‘مسافروں کا کئی گنا اضافے سے کرایے بڑھانے پرارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ‘پٹرول وڈیزل کی قیمتیں بڑھتے ہی ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں
بھی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کردیا دیہاڑی دار طبقہ چند کلومیٹرتک سفر کرنے کیلئے سرپکڑکر بیٹھ گیا ہے مہنگائی میں پسی عوام کیلئے کرایوں میں اضافہ کی وجہ سے چنگ چی رکشوں‘ویگنوں میں سفرکرنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ صنعتی شعبہ میں کام کرنیوالے پردیسی‘دوردراز سے آنے والے مسافروں کو ٹرانسپورٹ اڈوں پر پٹرول وڈیزل کی قیمتوں کا بہانہ بنا کر من مرضی کا کرایہ وصول کرکے لوٹا جارہا ہے سرکاری کرایہ نامے زیادہ ترٹرانسپورٹ اڈوں پرآویزاں ہی نہیں جبکہ زائد کرایہ کی وصولی عام ہے مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی شرح سے ضلعی انتظامیہ سرکاری کرایہ ناموں کو ہرٹرانسپورٹ اڈوں اورمسافروں گاڑیوں میں آویزاں کروائے زائد کرایہ وصول کرنے پر مسافراڈوں پرلڑائی جھگڑے عام ہوگئے ہیں دوسری طرف ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ وہ پٹرول وڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے پریشان ہیں ان کا ٹرانسپورٹ کا کاروبار ٹھپ ہوکررہ گیا ہے مسافر بسیں کئی سوکلومیٹر تک خالی ہونے کے برابر سفر طے کرتی ہیں حکومت ٹرانسپورٹرز کو بسیں چلانے کیلئے سبسڈی دے ورنہ وہ وقت دور نہیں جب اے سی اورنان اے سی بسیں بند ہونا شروع ہو جائیں گی کیونکہ کئی سوکلو میٹرسفر طے کرنے کے بعد بھی ان کی آمدن نہ ہونے کے برابر ہے مسافروں کا کہنا ہے کہ شہر بھر کے مختلف روٹس پر لوکل بسیں چلانے کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں۔