ممبئی (این این آئی)کانگریس رہنما اور پنجابی گلوکار شبھدیپ سنگھ سدھو موسیوالا کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ گلوکار کو کچھ عرصے سے بدمعاشوں کی طرف سے تاوان کی کالیں آ رہی تھیں سدھو موسے والا کے والد دو مسلح اہلکاروں کے ساتھ ایک کار میں ان کا پیچھا کر رہے تھے جب ان کے قاتلوں نے 28سالہ گلوکار اور ان کے دو دوستوں پر گولیاں برسادیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق والد بلکور سنگھ نے پولیس کو اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ان کے بیٹے کو کچھ عرصے سے بدمعاشوں کی طرف سے تاوان کی کالیں آ رہی تھیں، کئی غنڈوں نے انہیں فون پر دھمکیاں دیں۔گلوکار کے والد نے کہا کہ اتوار کو میرا بیٹا اپنے دوستوں گروندر سنگھ اور گرپریت سنگھ کے ساتھ تھر کار میں روانہ ہوا تھا، اس نے بلٹ پروف فارچیونر اور دو گارڈز کو اپنے ساتھ نہیں لیا تھا، میں نے دو مسلح اہلکاروں کے ساتھ دوسری کار میں اس کا پیچھا کیا۔اس میں لارنس بشنوئی گینگ بھی شامل ہے جس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔پنجاب پولیس نے قتل اور اسلحہ ایکٹ کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔