لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وفوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان لوٹ مارکے ذریعے بیرون ملک بنائی گئی کھربوں روپے کی جائیدادیں بیچ کر رقم پاکستان لے آئے تو شہباز شریف کوعوام کو
سستے آٹے کی فراہمی کیلئے اپنے کپڑے بیچنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ،اگر زرداری خاندان کو بھی اسی طرز کے اقدام پر راضی کرلیا جائے تو عوام کی مشکلات میں مزید کمی ہو سکتی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپشن سپیڈ اس طرح کے جذباتی بیانات سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ۔امپورٹڈ حکمرانوں کو معلوم ہے کہ ان کے اقتدار کی مدت زیادہ نہیں ہے اس لئے انہوں نے دن رات کرپشن او رلوٹ مار پرزور دے رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ عمران خان دوبارہ جلد اقتدار میں واپس آئیں گے اور احتساب کا عمل دوبارہ اپنی پوری آب و تاب سے شروع ہوگا اور کرپٹ ٹولے سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی دھمکیوں سے ثابت ہوتا ہے کہ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کے اعلان سے ہی کرپٹ ٹولے پر لرزہ طاری ہو چکا ہے اور ان کے اعصاب شل ہو چکے ہیں۔