کوہاٹ(این این آئی)پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان سے ایک افغان شہری حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے سائیکل پر روانہ ہوگیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک افغان شہری اپنی سائیکل پر جارہاہوتا ہے
جس نے اپنے مضبوط ارادہ کا اظہارکرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایران اور عراق کے راستے سعودی عرب حج کرنے روانہ ہوگیا ہے۔ جب اْس سے پوچھاجاتا ہے کہ وہ ایران اور عراق کے راستے جاتے ہوئے سفری ویزہ کیسے حاصل کرے گا تو وہ رب العزت سے حج کی سعادت حاصل کرنے کی دعاکرتا ہے کہ اللہ تمام مشکلیں آسان کرے گا اور اب اْسے راستے کا پتہ چلاہے تو وہ اپنی منزل مقصودپر پہنچ ہی جائے گا۔افغان شہری کا مزید کہناتھا کہ وہ گھر سے حج کا مصمم ارادہ کرکے خانہ کعبہ کی زیارت کرنے روانہ ہوچکا ہے اور اللہ کی مدد سے وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب ہو جائے گا۔معلوم نہیں کہ آیا وہ مقدس سرزمین پر پہنچ کر حج کرپائے گا یا نہیں لیکن گھر سے حج کی نیت کرکے نکلا ہے۔یادرہے کہ سالہا سال قبل عازمین حج مکہ معظمہ پہنچنے کے لئے لانچوں کے ذریعے بحری سفرکرتے تھے جس کا دورانیہ مہینوں پر مشتمل ہوتا تھا لیکن اب ہوائی سفر نے حج کرنا بہت آسان کردیا ہے ۔