اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے مسجد نبوی ؐواقعہ اور اس کے نتیجے میں ایف آئی آرز کے اندراج کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت انسانی حقوق، وزارت داخلہ، آئی جی پی پنجاب اور سی پی او فیصل آباد سے بریفنگ طلب کرلی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی کا اجلاس 9 مئی 2022 کو پارلیمنٹ ہاوس میں طلب کیا گیا ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی انسانی حقوق سینیٹر ولید اقبال نے کہاکہ متعلقہ حکام کمیٹی میں شرکت کرکے واقعہ اور ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے کمیٹی ممبران کو بریفنگ دیں، متعلقہ حکام سے متعدد نقات پر بریفنگ طلب کی گئی ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق بتایا جائے واقعے کے نتیجے میں ملک میں اب تک کتنے ایف آئی آر درج ہوئے اور اس کی کیا تفصیلات ہیں؟ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295، 295A اور 296 کے مبینہ غلط استعمال ،جس میں ‘مذہب سے متعلق جرائم’ شامل ہیں ، بریفنگ مانگی گئی ہے،کیا مذکورہ ایف آئی آر کے اندراج سے پہلے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 196 کے تقاضوں کی تعمیل کی گئی ہے؟،اگر جرم سعودی عرب میں ہوا تو کیا وہاں بھی ایسے ہی مقدمات درج ہوئے؟ ، ورنہ کس بنیاد پر پاکستان میں یہ مقدمات درج کئے گئے ہیں؟۔