اسلام آباد (این این آئی)جنوری2021 میں ملک میں بلیک آؤٹ کا معاملہ،نیپرا اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 9 جنوری 2021 کو بجلی کا شٹ ڈاؤن ہوا تھا۔نیپرا کے مطابق جرمانہ بروقت بجلی سپلائی کی بحال میں ناکامی پر کیا گیا ہے، این ٹی ڈی سی کو ملک میں بجلی سپلائی کی بحالی میں تقریبا 20 گھنٹے لگے تھے۔ نیپرا کے مطابق معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، کمیٹی کی تفصیلی رپورٹ کے بعد اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی کے خلاف قانونی کارروائی کی ، نیپرا ایکٹ کے تحت این ٹی ڈی سی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا،این ٹی ڈی سی کو سماعت کا موقع بھی دیا۔ نیپرا نے کہاکہ این ٹی ڈی سی کوئی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہی ،بلیک آؤٹ کے نتیجے میں متعلقہ پاور پلانٹس کے خلاف بھی الگ سے قانونی کاروائی کی جائے گی ۔