اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل نے کہاہے کہ ہمیں اپنی قوم پر فخر ہے ، عمران خان کے ساتھ کھڑا رہونگا ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹونگا ،آپ نے میرے جان لینی ہے شوق سے لیں، دوبارہ حادثہ کروا دیں، حملے کروا دیں، اگلی مرتبہ آپ شاید گولیاں ماریں گے،
جو آپ کے بس میں ہے وہ کریں، خان کے لیے میرا عزم کم نہیں ہو گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی قوم پر فخر ہے، پرویز الٰہی کے ساتھ جو ہوا وہ دیکھ لیں اور میرے ساتھ جو ہوا وہ دیکھ لیں۔شہباز گل نے کہاکہ ہمارے خاندانوں میں ایک چیز سکھائی جاتی ہے کہ وفاداری ضرور نبھانی ہے، میرا وعدہ ہے کہ عمران خان کے ساتھ پاکستان کے لیے کھڑا ہوا تھا، میری جان بھی جاتی ہے تو جائے، اللہ کے کرم اور نبی ؐ کی دعا ہے خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔رہنما تحریک انصاف نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ نے میرے جان لینی ہے شوق سے لیں، دوبارہ حادثہ کروا دیں، حملے کروا دیں، اگلی مرتبہ آپ شاید گولیاں ماریں گے، جو آپ کے بس میں ہے وہ کریں، خان کے لیے میرا عزم کم نہیں ہو گا۔شہباز گل نے کہا کہ امریکا کی مسجد میں گیا تو پاکستانیوں کا جو جوش تھا وہ تو تھا تاہم بنگلا دیشی ایسے بات کر رہے تھے جیسے قائد اعظم محمد علی جناح کے بارے میں بات کر رہے ہیں، بھارت کے مسلمان ایسے بات کر رہے تھے جیسے عمران خان ان کا لیڈر ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان آج صرف پاکستان کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا لیڈر ہے، وہ اس قوم کی شان ہے، میرے جیسی 100 جانیں بھی عمران خان کے مقصد پر قربان ہیں۔عمران خان کے سابق معاون خصوصی نے کہاکہ اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ لوگ ذمہ دار ہوں گے جن کے نام عدالت کو لکھ کر دیے ہیں۔