اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے کل سے اسلام آباد کے ڈی چوک پر آتش بازی اور جشن کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق سینیٹر ڈاکٹر فوزیہ ارشد کے مطابق آج کی شاندار جیت پر پی ٹی آئی کل سے افطار کے بعد اسلام آباد کے ڈی چوک میں شاندار آتش بازی اور جشن منائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام کارکنوں اور فیملیز کو جشن میں شرکت کی دعوت عام دی جاتی ہے
، یہ جشن ایک ہفتہ جاری رہے گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن پیسے لے کر تحریک عدم اعتماد لائی،یہ ملک و قوم کے خلاف جا رہے تھے،عمران خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انکو شکست دی. ان خیالات کا اظہار عمر ایوب نے اتوار کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کیساتھ صحافیوں سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اپوزیشن پیسے لے کر تحریک عدم اعتماد لائی،یہ ملک و قوم کے خلاف جا رہے تھے،عمران خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انکو شکست دی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا آج پاکستان کی بقا کا دن ہے،عدم اعتماد کی تحریک لائی جا سکتی ہے،مگر اسکی بنیاد آئینی ہو،باہر بیٹھ کر ایسا نہیں کیا جا سکتا،ہم نے اسلیے اس اقدام کے خلاف ایکشن لیا۔ اس دوران تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا قوم کو سرپرائز مبارک ہو،یہ اچکن سلوا رہے تھے،مگر ہم نے کچھ اور کر دیا،پاکستان ایک خوددار قوم ہے،ہم کوئی بھکاری نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف ایک بے شرم انسان ہیں ،تم کہتے ہو کہ پاکستان کی معیشت ونٹی لیٹر پر پڑی ہے،وینٹی لیٹر پر آج انکی سیاست پڑی ہے،ہم دو تہائی اکثریت سے آئندہ الیکشن میں کامیابی لیں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش ناکام ہونے پر قوم کو بہت مبارک ہو،افطاری کے بعد پوری قوم جشن منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تین ایجنٹوں نے مل کر حکومت بدلنے کی کوشش کی ،ہم نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ،عمران خان چاہتے تو وہ وزیراعظم ہی رہتے لیکن انہوں نے اسمبلیاں توڑنے کا کہا،اب میدان کھلا ہے لگ پتا جائے گا،اپوزیشن اب میدان میں آ کر مقابلہ کرے،یہ ڈرتے کیوں ہیں ،پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے ہم آئندہ الیکشن میں دو تہائی اکثریت لے کر آئیں گے۔