اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب میں شرکا کی جانب سے ’’ڈیزل‘‘ کے نعرے مارنے پر شرکا کو روک دیا۔تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو چھوٹا ڈان پکارتے ہوئے کہا کہ چھوٹا ڈان کہتا ہے ملک میں قومی حکومت بناؤ جس میں پی ٹی آئی نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ عقل کے اندھے کہتے ہیں ڈاکوؤں کی حکومت بناؤجوچوروں کو بچائے،
سب جانتے ہیں کہ بین الااقوامی سامراج کے ایجنٹ کون ہیں، اپنے بچوں کو ڈاکوؤں اور چوروں کے حوالے نہیں کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں بولیاں لگ رہی ہیں، لوگ اپنا ضمیر بیچ رہے ہیں۔اس موقع پر شرکا نے ڈیزل کے نعرے لگائے جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ ڈیزل کہنے سے منع کیا ہے، ڈیزل نہ کہیں۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ ہاؤس میں،ممبران کی بولیاں لگ رہی ہیں ، سخت ایکشن پلان کررہے ہیں۔گرین یوتھ موومنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ تقسیم ہند سے قبل یہاں ایسٹ انڈیا کمپنی کی حکومت تھی، آج بھی یہاں سامراج کے ایجنٹس موجود ہیں، اور عمران خان ملک کو سامراج کے ایجنٹس سے بچانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ملک کی 63 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہم اپنے مستقبل کو چوروں ڈاکوؤں کے حوالے نہیں کرسکتے، کل چھوٹا ڈان کہتا ہے کہ عمران خان کے بغیر حکومت بنائیں اور قومی حکومت بنائی جائے، کیا حکومت چوروں کے حوالے کریں، وہ چاہتے ہیں کہ ڈاکوئوں کی حکومت چوروں کو بچانے کے لئے آئے، ہم اپنے ملک کو ڈاکوؤں اور چوروں کے حوالے کبھی نہیں کرنے دیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت ہارس ٹریڈنگ کا مرکز سند ھ ہاؤس ہے جہاں ممبران کی بولیاں لگائی جارہی ہے، خچروں اور گدھوں کا ایک بازار سجا ہوا ہے،
سندھ ہاؤس بہت سا پیسہ منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں اور یہاں لوگوں کو رکھنے کے لیے پولیس منگوائی گئی ہے، جس طرح سے منڈیاں لگ رہی ہیں آئین کے خلاف ہے اسی لیے ہم ہارس ٹریڈنگ کے خلاف مضبوط ایکشن پلان کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے حکم پر ہم ڈی چوک پر 10 لاکھ افراد لائیں گے، جلسہ کرنا ہمارا حق ہے، اور ہم جلسہ کریں گے، اپوزیشن 10 لاکھ افراد کا سن کر ڈر گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے یہ نہیں کہا کہ ہم
اپوزیشن کو ماریں گے،تحریک انصاف کے پاس انصار الاسلام جیسی تنظیم نہیں ہے ہم بد معاش نہیں، لیکن شریف آدمی کو اتنا نہ تنگ کرو کہ وہ بد معاش بن جائے، کیوں کہ جب شریف بندہ بد معاش بنتا ہے تو اچھے اچھوں کی بدمعاشی نکل جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جوانوں کے مستقبل کی امید ہے، بچو اس وقت سے جب عمران خان نے نوجوانوں کو کال دے دی، ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع اسلام آباد میں کرکے دکھائیں گے۔