لندن (این این آئی)متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان کیخلاف ممکنہ تحریک عدم اعتما د جمع کرانے کی تیاریوں اور نمبر گیمز پورے ہونے کے بارے میں مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو آگاہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے اندرتحریک عد م اعتماد باضابطہ طورپر جمع کرائے جانے کاامکان ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سر دار ایاز صادق، رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق نے سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف اور پارٹی صدر میاں شہبازشریف کو متحدہ اپوزیشن کی نو ر کنی کمیٹی کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے جس میں تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے ہونے والے رابطوں کی تفصیلات شامل ہیں۔دریں اثناء سابق وزیر اعظم نوازشریف سے مسلم لیگ (ن)کی سینیٹر نزہت عامر اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن سابق وزیر احمد رضا قاردی نے بھی ملاقاتیں کی ہیں جن میں ملکی صورتحال اور مسلم لیگ (ن)کی آئندہ الیکشن کی حکمت عملی طر بات چیت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جب ان ملاقاتوں کے دور ان میاں سابق وزیراعظم نوازشریف سے استفسار کیاگیاکہ تحریک عدم اعتماد کب تک جمع ہوگی تو سابق وزیراعظم معنی خیز انداز میں مسکرا دیئے جس پر ملاقات میں موجود اسحاق ڈار نے کہاکہ اس حوالے سے جلد اچھی خبریں ملیں گی۔ قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار، عابد شیر علی، حافظ احمد رضا قادری،حافظ مطیع الرحمان اور مسلم لیگ ن برطانیہ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔