لاہور( این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف متحد ہوکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے ضرور کامیاب ہوں گے ، عوام کو آنے والے دنوں میں مزید ریلیف دیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہائوس میں مختلف ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے پارٹی اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر گور نر پنجاب چودھری محمدسرور، وزیر اعلی عثمان بزدار اور وزرا ء نے
بھی شرکت کی۔گورنر ہائوس میں ملاقاتوں کے دوران پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاریاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی وزرا ، اراکین اسمبلی کو بھی کارکنوں سے رابطوں کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پٹر ولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی سمیت دیگر حکومتی اقدامات کی عوام میں بھر پور تشہیر کی جائے گی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے مخلص اور محنتی کارکنوں کو ٹکٹیں دی جائیں، پارٹی متحد ہوکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کامیاب ہوں گے۔وزیر اعظم عمران خان سے گور نر پنجاب چوہدری سرور نے بھی ملاقات کی، اس دوران سیاسی، حکومتی امور، یونیورسٹیز اصلاحات ، آب پاک اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے بارے میں گفتگو کی۔چودھری سرور نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع بارے یورپی نمائندوں سے ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کیلئے گور نرپنجاب چوہدری سرور کی کوششوں کو سراہا۔گور نر چوہدری سرور نے پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں کمی اور انڈسٹریل پیکج پر پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر جمعہ کو گور نر ہائوس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل خو د سنتا ہوں اور ان کو حل کیا جاتاہے۔وزیر اعظم نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کی کار کردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مزید منصوبوں پر کام کی ہدایت کردی۔انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی حکومت کا اولین مشن ہے، عوام کو آنے والے دنوں میں مزید ریلیف دیں گے۔ عوام کی ترقی اور فلاحی وبہبود کیلئے جو کام آج ہورہا ہے ماضی میں اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔