اسلام آباد(این این آئی)پاکستانی شائقین کرکٹ نے چوبیس سال بعد آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے ،بھار ت کو بھی پاکستان آ کر کرکٹ کھیلنی چاہیے ۔آسٹریلوی ٹیم کی آمد کے حوالے سے ’’این این آئی ‘‘سے
خصوصی بات چیت کرتے ہوئے شجاعت حسین نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی ٹیم کی پاکستان آمد پر ہمیں خوشی ہوتی ہے ،آسٹریلوی ٹیم چوبیس سال بعد پاکستان پہنچی ہے جس پر ہمیں انتہائی خوشی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے جس کے باعث گرائونڈ بھی آباد ہورہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیریز میں شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی-محمد وقاص نے بتایا کہ آسٹریلوی ٹیم کی آمد کا سہرا پاک فوج کو جاتا ہے کیونکہ دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیوں سے پاکستان میں امن قائم ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے ،بھارت کو بھی پاکستان آکر کرکٹ کھیلنی چاہیے-اس موقع پر محمد زبیر نے کہا کہ بھارت کو کھیل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایک دن بھارتی ٹیم بھی پاکستان آ کر کرکٹ کھیلے گی -محمد راشد ، محمد عزیز ، محمد رفیق، احسن افتخار نے بھی آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا ۔