جہانیاں(آن لائن) شب معراج آج پیرکی شب نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔شب معراج النبی ؐ سوموار اور منگل کی درمیانی شب ستائیس رجب کی مقدس رات کی مناسبت سے گھروں میں خصوصی عبادات اور مساجد میں چراغاں، ذکر و اذکار اور نعت خوانی کی محافل کا اہتمام کیا جائے گا جن میں علماء کرام معجزہ معراج شریف کے واقعات و فضائل پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔
اس موقع پر جہانیاں سمیت ملک بھر میں منعقدہ مختلف اجتماعات میں ملک کی سلامتی، بقا اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔شب معراج پر مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مساجد اور محفلوں کی سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ آج کی رات علمائے کرام واقعہ معراج اور اس کی فضلیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس شب کی اہمیت بیان کریں گے معراج کی شب حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا گیا، جب حضرت جبرائیل براق لے کر نبی آخرالزماں ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے اللہ کے رسولﷺ، آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم براق پر سوار ہوئے۔اس مقدس سفر کے دوران آپﷺ مکہ سے مسجد اقصیٰ گئے اور وہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی۔ پھر آپ ﷺ کو آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرانے کے لئے لے جایا گیا، وہاں رسول اکرمﷺ کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئی۔ آپﷺ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی کرائی گئی، اسی سفر میں نماز بھی فرض ہوئی۔