برسلز(این این آئی)یورپی یونین کی جانب سے روس پر پابندیوں کے نفاذ کے بعد فرانسیسی بحریہ نے کاروں سے لدے ایک کارگو جہاز کو انگلش چینل میں روک لیا ہے۔روس کا یہ مال بردار جہاز بحیرہ بالٹک پر واقع شہرسینٹ پیٹرز برگ کی بندرگاہ کی طرف جارہا تھا۔
سمندری سکیورٹی کی ذمہ دار نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ روسی پرچم برداربالٹک لیڈر نامی جہاز فرانس کے شہرروئن سے روانہ ہوا تھا اور اس کو فرانسیسی افواج نے کنٹرول میں لینے کے بعد بولون سورمیرکی بندرگاہ تک پہنچادیا ۔اس جہاز پرپابندیوں کی زد میں آنے والی ایک روسی کمپنی سے تعلق کا شبہ ہے۔فرانس کی علاقائی سکیورٹی کی ذمہ دار ویرونیک میگنین نے بتایا کہ پولیس کے نگران جہاز اور بحریہ کی گشت پر مامور کششتی کی مدد سے فرانسیسی کسٹم کے گشت کرنے والے جہاز نے بالٹک لیڈرکو روک لیا تھا۔انھوں نے کہا کہ 127 میٹرطویل اس بحری جہاز پرپابندیوں کی زدمیں آنے والے روسی مفادات سے وابستہ ہونے کا سخت شبہ ہے۔اس طرح کا اقدام اگرچہ شاذونادر ہی کیا جاتا ہے لیکن یہ مضبوطی کی علامت ہے۔