ماسکو(این این آئی)سوشل میڈیا پر گذشتہ چند روز سے ایسے وڈیو کلپوں کی بھرمار ہو گئی ہے جن میں یوکرین کے شہری روسی فوجی قافلوں کا راستہ روکنے کی کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ان میں ایک شخص کا وڈیو کلپ کافی دل چسپ ہے جو نہتے ہونے کے باوجود
یوکرین کی ایک سڑک پر روسی فوجی قافلے کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اس وڈیو کلپ کا دورانیہ 30 سیکنڈ ہے اور اسے یوکرین کے نیوز چینل نے نشر کیا۔ وڈیو میں یہ شخص فوجی سواریوں کے آڑے آنے کی تگ و دو میں ہے جب کہ یہ گاڑیاں اس کے اطراف سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔اس کے علاوہ دیگر وڈیو کلپوں میں بھی یوکرین کے شہریوں کو اخماش شہر میں روسی ٹینکوں کا راستہ روکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ شہر دارالحکومت کیف سے 160 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ایک وڈیو میں یوکرین کا ایک شہری روسی ٹینک پر چڑھتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔ یہ ٹینک ایک سڑی پر آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کے بعد وہ شہری اتر کر ٹینک کے آگے بیٹھ گیا۔اسی طرح ایک اور وڈیو کلپ میں باکمان قصبے کے غیر مسلح یوکرینی شہری روسی قافلے کو واپس لوٹ جانے پر مجبور کر رہے ہیں۔یوکرین کی حکومت نے وطن کے دفاع پر اپنے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی۔ چند روز قبل یوکرین کے پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کیے گئے قانون کے تحت شہریوں میں حملہ آور بندوقیں تقسیم کی گئیں۔ اسی دوران میں ملک میں ہنگامی حالت کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔