ممبئی (این این آئی)یوکرین میں روسی افواج کے حملے کے بعد بھارتی طلبا کو لے کر پہلی فلائٹ ممبئی ائیرپورٹ پہنچ گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرین کی فضائی حدود مسافر طیاروں کے لئے بند کئے جانے کے بعد بھارتی طلبا کو پہلے پڑوسی ملک رومانیہ پہنچایا گیا ،
جہاں سے انہیں بھارتی طیارے کے ذریعے ممبئی لایا گیا۔طیارے میں 219 طلبا سوار تھے ، جن کے استقبال کے لئے ممبئی ائیرپورٹ پر ان کے اہل خانہ کے علاوہ اعلی حکومتی اہلکار بھی موجود تھے۔یوکرین سے بھارتی طلبا کو لانے والے ائیر انڈیا کے طیارے کے عملہ کا یونین منسٹر پایوش گویال نے شکریہ ادا کیا۔بھارت کے داخلی امور کے وزیر ایس جے شنکر نے کہا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے یوکرین میں محصور بھارتی طلبا اور شہریوں کے نکالنے کو آپریشن گنگا کا نام دیا ہے۔وزیر جے شنکر نے کہا کہ طلبا ہمارے بچے ہیں جو اپنے وطن واپس آ رہے ہیں، ہم آخری بھارتی کے یوکرین سے نکلنے تک اپنے مشن کو جاری رکھیں گے۔بھارتی وزیر نے کہا کہ یوکرین میں بھارتی شہریوں کی ویکسینیشن اور کھانے وغیرہ کا انتظام بھارت کی حکومت کر رہی ہے۔