اسلام آباد (این این آئی)آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان پہنچ گئی، ایئرپورٹ سے ٹیم کو سخت سیکیورٹی سے ہوٹل منتقل کیا گیا۔اتوار کو آسٹریلیا کی قومی کرکٹ ٹیم تقریباً 14 گھنٹے کے سفر کے بعد میلبرن سے اسلام آباد پہنچی ۔ایئرپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے
ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے ٹیم کا استقبال کیا۔پاکستان پہنچنے والے آسٹریلیا کے 35 رکنی دستے میں پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف گرین برگ بھی شامل ہیںپاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آسٹریلیا میں 3 روزہ آئیسولیشن کرنے والی کینگرو ٹیم (آج) پیر سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ بحالی کیلئے بگ تھری ممالک میں سے آسٹریلین کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر آنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ یاد رہے کہ 1998 کے بعد 24 سالوں میں آسٹریلیا کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، دونوں ممالک کے درمیان 4 مارچ سے 5 اپریل کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔دوسری جانب کپتان آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پیٹ کمنز نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خود کو بہت محفوظ محسوس کر رہا ہوں ، پی سی بی نے بہت خیال رکھا ہے ، یہاں کے تمام لوگ بہت پروفیشنل ہیں۔