کیف (این این آئی)یوکرین کی خاتون رکن پارلیمنٹ کیرا روڈک نے کلاشنکوف تھامے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق خاتون رکنِ پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں یوکرین کی خواتین کی جنگ میں حصہ لینے کی
حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ وہ کلاشنکوف کا استعمال سیکھ رہی ہیں اور ہتھیار اٹھانے کی تیاری کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند روز پہلیتک انکے ذہن میں ایسا خیال کبھی نہیں آیا تھا۔خاتون رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ ہماری خواتین اس مٹی کی اسی طرح حفاظت کریں گی جس طرح ہمارے مرد کر رہے ہیں۔اس سے قبل روسی فوج کے یوکرین کے مختلف شہروں پر حملوں کے جواب میں سابق یوکرینی صدر پیٹرو پوروشینکو اپنی رائفل کے ساتھ سڑکوں پر نکلے تھے۔انہوں نے ایک براہ راست ٹی وی انٹرویو کے دوران کلاشنکوف اٹھائے انٹرویو دیا اور کہا کہ ہم روسی دشمن فوجیوں سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔پیٹرو پوروشینکو نے دورانِ انٹرویو رائفل اور دو مشین گنیں دکھائیں اور کہا کہ اگر روسی فوجی ان کے ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ یوکرین کی سڑکوں پر لڑیں گے۔