لاہور(این این آئی)پنجاب یونیورسٹی کے سکھ طالب علم ڈاکٹر کلیان سنگھ کلیان نے کانووکیشن میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پنجابی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ پاکستان بننے کے بعد وہ پہلے سکھ ہیں جنہوں نے پنجابی میں پی ایچ ڈی مکمل کی ہے۔ ڈاکٹر کلیان سنگھ نے بابا گرو نانک کی زندگی اور تعلیمات پر پی ایچ ڈی کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر کلیان سنگھ نے کہا کہ میری پی ایچ ڈی کی ڈگری نے میرے آباؤ اجداد کے پاکستان میں رہنے کے فیصلے کو دانشمندانہ اور درست فیصلہ ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے مذہب اور اپنے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے ایک مسلم استاد ڈاکٹر نوید شہزاد کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کی ہے جس سے ثابت ہوا کہ پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان استاد کی زیر نگرانی سکھ مذہب پر پی ایچ ڈی کرنا پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بی اے سے پی ایچ ڈی تک کی تمام تعلیم پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی اور وہ اس عظیم دانشگاہ کے شکر گزار ہیں اور اس پر فخر کرتے ہیں۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی جامعہ کی جانب سے ایک سال میں 327 پی ایچ ڈی پیدا کئے گئے ہیں جنھیں پنجاب یونیورسٹی کے 131 ویں کانووکیشن میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں تقسیم کی گئی۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تحقیق کو فروغ دینے کی پالیسی کے تحت متعلقہ اداروں بالخصوص ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے باقاعدہ اجلاسوں اور طلباء و طالبات کی ذیادہ سے ذیادہ حوصلہ افزائی کے باعث یہ ممکن ہوا ہے۔ کانووکیشن میں ایم ایس /ایم فل کے71، ایم اے/ایم ایس سی کے55اور بی ایس کے 63طلباؤ طالبات کو میڈلز دئیے گئے۔تقریب میں کل 1018ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے گئے۔