مظفر آباد /گلگت/اسلام آباد /پشاور /کوئٹہ/کراچی /لاہور (این این آئی) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ، مری اورپہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا جس کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ،شدید برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے کئی اضلاع کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور لوگ
گھروں میں محصو ر ہو کر رہ گئے،کئی شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی مزید مشکل بنا دی ،لکڑی کی مانگ بڑھنے سے قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر نے لگیں جبکہ محکمہ موسمیات نے کل پیر کو بارش اور برف جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ، مری اورپہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا جس کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ،ملکہ کوہسار مری میں اتوار کو بھی شدید برف باری کا سلسلہ جاری رہا ،اب تک ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے،شدید برف باری کے باعث مری میں نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ،سڑکوں پر برف کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں اور آمد و رفت میں دشواری کا سامنا رہا۔مری میں جاری شدید برف باری سے محظوظ ہونے کے لیے سیاح مال روڈ پر نکل آئے تاہم مری میں بجلی، پانی اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہونے کی وجہ سے شہری اور سیاح پریشان دکھائی دیئے۔سیاحوں کا کہنا ہے کہ سانحہ مری کی وجہ سے مال روڈ خالی نظر آرہا ہے اور پہلے
والا جوش وخروش نہیں رہا۔ملکہ کوہسار میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے پر محکمہ موسمیات اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔مری جانے والے محتاط رہیں، برفباری کیدوران پھسلن سے بچنے کیلئے ٹائرز میں ہوا کا دباؤ کم رکھیں، ٹائرپرچین استعمال کریں۔حکام کے مطابق شام5 سے صبح 5بجے تک سیاحوں کے مری میں داخلے پر مکمل پابندی ہو گی، چیف
ٹریفک افسر کے مطابق مری میں مجموعی طور پرسیاحوں کی 1355گاڑیاں موجود ہیں، سیاحوں کی 8000 سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہے۔پیر کو بھی مری، گلیات، ناران،کاغان، ہنزہ میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے اور رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے شمالی اضلاع میں گزشتہ رات رواں برس کی سرد ترین رات رہی اور کان مہترزئی میں
درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر این 50 شاہراہ پرمختلف مقامات پر برف جم گئی جس کے باعث کوئٹہ ژوب ہائی وے لائٹ اور کوئٹہ زیارت شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بندکردیا گیا۔جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخواکے کئی شہروں میں بھی بادل جم کر برسے جس سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے ،پشاور میں بھی بارش کے بعد سردی
کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔شمالی بلوچستان میں رواںسال کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے، کان مہترزئی میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ادھر ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دوروز سے چلنے والی گرد آلود تیز ہوائوں کا سلسلہ تھم گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت کراچی میں شمال مغرب کی سمت سے ہوائیں چلتی رہیں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہرِ قائد میں سردی کی
موجودہ لہر 27 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں شہر میں درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔