لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہفتے کی صبح ہونے والی بارش تمام دن وقفہ وقفہ کے ساتھ جاری رہی جس کے باعث شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ
گزشتہ روز سردی کی شدت میں اضافے کے باعث شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والے شمال مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارشیں برسانے والا ایک نیا سسٹم رواں ماہ جنوری کے آخری ہفتے میں داخل ہوگا جو شہر میں بارشوں کا باعث بنے گا جبکہ جنوری کا اختتام اور فروری کا آغاز بھی بارشوں کے ساتھ ساتھ سخت سردی کے موسم کے ساتھ ہوگا۔ حالیہ بارش کے باعث شہر میں فضائی آلودگی کے بادل چھٹ گئے جس کے نتیجے میں شہر میں ائیرکوالٹی انڈیکس کی شرح 170 ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ روز ہونے والی وقفہ وقفہ سے بارش کے سلسلے میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔